Qaum Digital
08/07/2026
شارجہ سے کراچی آنے والا کارگو طیارہ سمندر میں گر کر تباہ، 5 عملہ لاپتا۔
شارجہ سے کراچی آنے والا کے ٹو ائیرویز کا کارگو طیارہ (بوئنگ 737) کراچی کے قریب سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں عملے کے تمام پانچ پاکستانی افراد لاپتا ہیں ۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق طیارہ رات 9:18 پر نیوی گیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دینے کے بعد 9:21 پر ریڈار سے غائب ہو گیا، اور کراچی سے 155 ناٹیکل میل دور سمندر میں اس کا رابطہ مکمل طور پر ٹوٹ گیا ۔
حکام کے مطابق لاپتا ہونے والوں میں کپتان محمد رضوان ادریس، فرسٹ آفیسر فیصل جتوئی، فلائٹ انجینئرز محمد حامد اور محمد عارف صدیقی، اور لوڈ ماسٹر محمد توفیق خان شامل ہیں ۔ طیارے کے لاپتا ہونے کے فوری بعد پی اے اے نے ہنگامی امدادی مرکز متحرک کر کے سمندر میں وسیع سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے ۔
ابتدائی طور پر یہ اطلاع تھی کہ طیارہ اورماڑہ کے قریب سمندر کے اوپر تھا، جبکہ اب تک ملبے یا عملے کا کوئی نشان نہیں مل سکا ۔ سرچ آپریشن جاری ہے، اور حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں موسمی صورتحال اور گہرے پانی کی وجہ سے امدادی کارروائی میں مشکلات ہیں ۔
08/07/2026
خانیوال کی سیشن کورٹ کے باہر انصاف کے ترازو کے پلڑے چوری، امن و امان پر سوالیہ نشان۔
خانیوال میں سیشن کورٹس کے باہر نصب انصاف کی علامتی ترازو بھی چوروں کی نظر کا شکار ہو گئی۔ نامعلوم چوروں نے رات کی تاریکی میں ترازو کے دونوں پلڑے چرا لیے اور فرار ہو گئے۔ صبح جب عدالت کے اہلکار اور شہری وہاں پہنچے تو انہوں نے ترازو کو پلڑوں سے محروم پایا، جس پر حیرت اور مایوسی کی لہر دوڑ گئی ۔
یہ واقعہ عدالت جیسی حساس جگہ کی سیکیورٹی پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے، کیونکہ اگر عدالت کے باہر نصب علامت بھی محفوظ نہیں رہ سکتی تو عام شہریوں کی حفاظت کا تصور بھی مشکل ہو جاتا ہے ۔ واقعے کے بعد عدالت انتظامیہ نے مزید جگ ہنسائی سے بچنے کے لیے ترازو کو وہاں سے مکمل طور پر ہٹا دیا۔
شہریوں اور قانونی حلقوں نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس سے ملزمان کی جلد گرفتاری اور عدالت کی سیکیورٹی بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ یہ واقعہ انصاف کی علامت کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی ایک شرمناک مثال ہے، جس نے پوری عدلیہ کو شرمندگی سے دوچار کر دیا ہے ۔
08/07/2026
پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی نے نئی فیسیں جاری کر دیں، ایکسپریس انتقال 11,200 روپے۔
پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی (PLRA) نے مالی سال 2026-27 کے لیے نئی سروس چارجز کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس میں زمین کے ریکارڈ سے متعلق مختلف خدمات کی فیسیں مقرر کی گئی ہیں۔ ان میں ریکارڈ کی ایکسپریس کاپی 4,000 روپے، عام کاپی 900 روپے، گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ 800 روپے، اور نقلِ اراضی ریکارڈ 5,000 روپے پر دستیاب ہوگا ۔
رجسٹرڈ ڈیڈ کی کاپی کے لیے 1,400 روپے جبکہ بینکوں یا اداروں کے لیے ریکارڈ ویریفیکیشن کی کامیاب ٹرانزیکشن پر 1,000 اور ناکام پر 700 روپے وصول کیے جائیں گے ۔ ایکسپریس انتقال کی فیس 11,200 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ بینک کے ذریعے انتقال 2,100 اور عام انتقال 1,200 روپے میں ہوگا ۔
ای رجسٹریشن کے ذریعے کمیشن کی تقرری 6,700 روپے، پراپرٹی ٹرانسفر سسٹم 3,000 روپے فی ٹرانزیکشن، اور خرید و فروخت پر زمین کی مالیت کا 0.1% (کم از کم 3,600 روپے) چارج کیا جائے گا ۔ بیرون ملک مشنز کے ذریعے ریکارڈ کی کاپی 50 ڈالر، لوکل کمیشن 100 ڈالر، اور ریونیو کورٹس میں کیس دائر کرنے کی فیس 3,500 روپے فی کیس مقرر کی گئی ہے ۔
Click here to claim your Sponsored Listing.
Category
Website
Address
Multan