Toppearl
نیندوں کا اِحتِساب ہُوا یا نہیں ہُوا
سچّا کِسی کا خواب ہُوا یا نہیں ہُوا
بے داغ کوئی شَکْل نظر آئی یا نہیں
آئِینہ بے نِقاب ہُوا یا نہیں ہُوا
لائی گئیں کٹَہرے میں کِتنی عدالتیں
قانون، لاجَواب ہُوا یا نہیں ہُوا
جو آج تک کِیا گیا احسان کی طرح
اُس ظُلم کا حِساب ہُوا یا نہیں ہُوا
اُس کے بھی دِل میں آگ لگی یا نہیں لگی
پتّھر بھی آب آب ہُوا یا نہیں ہُوا
پڑھتی ہے جِس کِتاب کو صَدیوَں سے زِندگی
ختْم اُس کا کوئی باب ہُوا یا نہیں ہُوا
قدر اہلِ روشنی کی بڑھی یا نہیں بڑھی
ذَرّہ بھی آفْتاب ہُوا یا نہیں ہُوا
اِنسانیّت سے رابطہ کرنے کے باب میں !
اِنسان، کامیاب ہُوا یا نہیں ہُوا
مُظفّؔر وارثی.
وہ ستم نہ ڈھائے تو کیا کرے اسے کیا خبر کہ وفا ہے کیا؟
تو اسی کو پیار کرے ہے کیوں یہ کلیمؔ تجھ کو ہوا ہے کیا؟
تجھے سنگ دل یہ پتہ ہے کیا کہ دکھے دلوں کی صدا ہے کیا؟
کبھی چوٹ تو نے بھی کھائی ہے کبھی تیرا دل بھی دکھا ہے کیا؟
تو رئیس شہر ستم گراں , میں گدائے کوچۂ عاشقاں
تو امیر ہے تو بتا مجھے میں غریب ہوں تو برا ہے کیا؟
تو جفا میں مست ہے روز و شب , میں کفن بہ دوش و غزل بہ لب
ترے رعب حسن سے چپ ہیں سب , میں بھی چپ رہوں تو مزا ہے کیا؟
یہ کہاں سے آئی ہے سرخ رو ہے ہر ایک جھونکا لہو لہو
کٹی جس میں گردن آرزو یہ اسی چمن کی ہوا ہے کیا؟
ابھی تیرا دور شباب ہے ابھی کیا حساب و کتاب ہے
ابھی کیا نہ ہوگا جہان میں ابھی اس جہاں میں ہوا ہے کیا؟
یہی ہم نوا یہی ہم سخن یہی ہم نشاں یہی ہم وطن
مری شاعری ہی بتائے گی مرا نام کیا ہے پتا ہے کیا؟
کلیم عاجز
Click here to claim your Sponsored Listing.
Category
Contact the public figure
Telephone
Address
Mirpur