Hunza 24/7
28/04/2026
گلگت : تھانہ ایئرپورٹ گلگت کی پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرکے مغوی کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔گزشتہ شپ تقریباً 4:30 بجے مسمی سکنہ پنجاب حال مقیم یادگار محلہ گلگت کے اغوا کی رپورٹ موصول ہوئی۔ جس پر مقدمہ علت نمبر 49/026 بجرائم 392، 457، 365، 34 ت پ درج کرکے مغوی کی تلاش شروع کی گئی۔ جس کے بعد پولیس نے خومر اور نگر سے تعلق رکھنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ ان کے قبضے سے مغوی کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔ پولیس نے مسروقہ 4 موبائل فونز بھی برآمد کرلئے۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اہم انکشافات متوقع ہیں۔
28/04/2026
گلگت : نگراں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس ریٹائرڈ یار محمد اور چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان (تمغہ شجاعت) کی زیر صدارت آئندہ عام انتخابات 2026 کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام نگران وزراء،ترجماں صوبائی نگران حکومت چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ارشد مجید مہمند،پرووینشل الیکشن کمشنر عابد رضا اور دیگر متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی جبکہ تمام اضلاع کے آر اوز بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے آنے والے عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں مجموعی تیاریوں، انتخابی عمل کے مختلف مراحل، مالی و انتظامی امور، لاجسٹکس، سیکیورٹی انتظامات، قانون و امن کی صورتحال اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کے پہلوں کا جامع جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اس امر کا اعادہ کیا گیا کہ انتخابات کے انعقاد کے تمام انتظامات الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت اور اس کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے مکمل کیے جائیں گے اور تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں بروقت اور موثر انداز میں سرانجام دیں گے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ انتخابی تیاریوں کا ایک جامع اور واضح پلان تشکیل دیا جا چکا ہے جس میں تمام محکموں کی ذمہ داریوں کا تعین اور ٹائم لائنز شامل ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پولنگ اسٹیشنز، عملے، ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ پیش رفت کی موثر نگرانی کے لیے مانیٹرنگ میکانزم قائم کیا گیا ہے تاکہ پولنگ ڈے تک تمام امور کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔
مالی، انتظامی اور لاجسٹک معاونت کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ متعلقہ محکموں کے ساتھ قریبی رابطہ قائم ہے اور فنڈز کے بروقت اجراء اور وسائل کی دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ ممکنہ رکاوٹوں کے فوری ازالے کے لیے ہدایات جاری کی گئیں تاکہ انتخابی عمل میں کسی قسم کی تاخیر یا خلل پیدا نہ ہو۔ قانون و امن کی صورتحال کے حوالے سے تمام اضلاع خصوصاً حساس علاقوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ پیشگی حفاظتی اقدامات، انٹیلی جنس شیئرنگ اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے امن و امان کو برقرار رکھیں۔ سیکیورٹی اداروں کو پولنگ اسٹیشنز، انتخابی مواد کی ترسیل اور رزلٹ کمپائلیشن کے مراحل کے لیے جامع سیکیورٹی پلانز تشکیل دینے، ریہرسل کرنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں مختلف محکموں کے مابین مربوط کوآرڈینیشن کے فروغ پر بھی زور دیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ ایک موثر کنٹرول روم اور رابطہ نظام قائم کیا جائے تاکہ انتخابی عمل کے دوران فوری ردعمل اور بلا تعطل مواصلات کو یقینی بنایا جا سکے۔
پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے حوالے سے بھی تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ عوام تک درست اور بروقت معلومات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ غلط معلومات، نفرت انگیز مواد اور غیر قانونی پروپیگنڈے کی روک تھام کے لیے موثر مانیٹرنگ میکانزم قائم کیا جائے گا۔ محکمہ اطلاعات، الیکشن کمیشن اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان قریبی رابطہ بڑھانے کی ہدایت کی گئی تاکہ کسی بھی غیر ذمہ دارانہ مواد کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
اجلاس میں انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی اور واضح کیا گیا کہ تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو ضابطہ اخلاق سے آگاہ کیا جا چکا ہے جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔ شکایات کے ازالے کے لیے موثر نظام بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ شفافیت اور اعتماد کو یقینی بنایا جا سکے۔
ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے جامع کنٹنجنسی پلانز تیار کرنے، متبادل پولنگ اسٹیشنز، مواصلاتی نظام اور ٹرانسپورٹ کے انتظامات کو یقینی بنانے اور متعلقہ اداروں کو ہر وقت الرٹ رکھنے کی ہدایت کی گئی۔
نگراں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت الیکشن کمیشن کو مکمل طور پر سہولیات فراہم کرے گی اور تمام ادارے اجتماعی ذمہ داری کے تحت کام کرتے ہوئے عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کی بروقت نشاندہی کی جائے تاکہ ان کا فوری اور مشترکہ حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے تمام سیکریٹریز کو ہدایت دی کہ صاف، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کے شانہ بشانہ کام کریں اور سرکاری مشینری مکمل طور پر الیکشن کمیشن کے سپرد کی جا چکی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے نگراں وزیر اعلیٰ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے شفاف انعقاد کے لیے موثر مانیٹرنگ نظام نافذ کیا گیا ہے اور الیکشن ایکٹ کے تحت کسی بھی خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے سیکیورٹی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ انتخابات کو پرامن اور غیر جانبدار بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائیں تاکہ عوام کا اعتماد برقرار رہے۔
چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے کہا کہ تمام سرکاری ادارے اس قومی فریضے کو احسن انداز میں سرانجام دیں گے اور سرکاری ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیاسی سرگرمیوں سے اجتناب کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔
صوبائی نگران وزراء نے بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کام کرتے ہوئے انتخابات کو شفاف، منصفانہ اور پرامن بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
Click here to claim your Sponsored Listing.
Category
Website
Address
Hunza
15600